ٹوکیو: (ویب ڈیسک) چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں عدم استحکام کا سب سے بڑا ذمہ دار امریکا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے شہر ناگویا میں ابھرتی ہوئی اور ترقی یافتہ اقتصادیات کے حامل ممالک کے گروپ جی-20 کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس اختتام پذیر ہوگیا۔ اجلاس میں چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے خطاب میں صدر ٹرمپ کی پالیسیوں پر کڑی نکتہ چینی کی۔
وزیر خارجہ وانگ ای کا کہنا تھا کہ امریکا دنیا بھر میں عدم استحکام کا باعث بننے والا ملک ہے، امریکی حکام اور سیاستدان چین کے خلاف بے بنیاد اور نفرت آمیز مہم چلانے میں مصروف ہیں، اس کے باوجود چین خطے میں استحکام کی خاطر امریکا سے تجارتی معاہدوں کی بحالی کا خواہش مند ہے۔
وزیر خارجہ نے چین اور امریکا کے درمیان تجارتی اختلافات کو حل کرنے کے لیے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہماری طرف سے مذاکرات میں پہل کرنے کو امریکی بالہ دستی تسلیم کرنے سے نہ جوڑا جائے۔ دونوں ممالک تعاون کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل چینی صدر شی جنگ پنگ نے بھی انتباہی انداز میں امریکا کو کہا تھا کہ امریکا کے ساتھ ڈیل چاہتے ہیں لیکن تجارتی جنگ سے بالکل خوفزدہ نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چین تجارتی جنگ لڑنے سے نہیں ڈرتا، امریکا کے ساتھ تجارتی ڈیل کا خواہشمند ہیں تجارتی جنگ کا شرو ع کرنے کا خواہش مند نہیں ہوں۔ ہمیشہ سے کاروبار کی فعالیت کو ترجیح دینا چاہتا ہوں، تجارتی جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ہے، ہم برابری کی بنیاد پر فیز 1 معاہدے تک پہنچنا چاہتے ہیں۔