لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں 700 سال قبل سیاہ طاعون کی وباء جسے سیاہ موت بھی قرار دیا جاتا تھا، اس بیماری کی وجہ سے 20 کروڑ افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔ یہ ہولناک بیماری ایک مرتبہ دوبارہ دنیا میں آ گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’’رائٹرز‘‘ کے مطابق بیماری نے 1346ء سے 1353 تک یورپ اور ایشیا کے ممالک کو اپنی لپیٹ میں لیے رکھا اور اب دوبارہ چین میں نمودار ہو گئی ہے جہاں اب تک دو مریضوں میں اسکی تصدیق ہو چکی ہے۔
چینی نیوز ایجنسی ژنہوا کی رپورٹ کے مطابق دونوں مریضوں کا تعلق چین کے علاقے منگولیا سے ہے اور مقامی حکام کا کہنا ہے کہ مریضوں کا مناسب علاج کیا جا رہا ہے۔
بیجنگ میونسپل ہیلتھ کمیشن کا کہنا ہے کہ ایک مریض کی حالت اس وقت مستحکم ہے جبکہ دوسرا تاحال تشویشناک حالت میں ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ بیماری مریض کے پھیپھڑوں پر حملہ کرتی ہے اور مریض کی سانس سے متاثر ہوا، اس کے استعمال شدہ کپڑوں اور دیگر اشیاء کے ذریعے دیگر لوگوں تک پھیل سکتی ہے۔ اگر اس کی بروقت تشخیص نہ ہو تو موت 100 فیصد یقینی ہوتی ہے۔