108 میگا پکسل والا سمارٹ فون متعارف

Last Updated On 06 November,2019 06:45 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کی معروف کمپنی شیاؤمی نے 108 میگا پکسل والا سمارٹ فون متعارف کرا دیا۔

چین دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کے میدان میں مسلسل اپنی دھاک بیٹھا رہا ہے، چند عرصہ قبل ہواوے کی وجہ سے چین اور امریکا کے درمیان کچھ تلخی بھی سامنے آئی تھی، جو بظاہر رک گئی لیکن ماہرین کے مطابق ٹیکنالوجی کے میدان میں بڑھتی ہوئی چینی طاقت امریکا کے لیے پریشانی کا باعث بن رہی ہے۔

اب ایک اور خبر چین سے آئی ہے جہاں چینی کمپنی شیاؤمی نے موبائل انڈسٹری میں ایک اور انقلاب برپا کرتے ہوئے 108 میگا پکسل والا سمارٹ فون متعارف کرا دیا ہے، کمپنی نے چند ماہ قبل آگاہ کیا تھا کہ وہ جلد ایسا اسمارٹ فون پیش کرنے والا ہے جسکا کیمرا 108 میگا پکسل ہوگا اور اب کمپنی نے سی سی 9 پرو پریمیم پیش کر دیا ہے۔ سمارٹ فون کا ہائی ریزولوشن سینسر معروف کمپنی سام سنگ نے تیار کیا ہے۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ ہائی ریزولوشن سینسر کی مدد سے صارفین انتہائی بہترین تصاویر لے سکیں گے جس میں ہر چیز کی تمام تر باریکی واضح طور پر نظر آئے گی۔ فی الحال شیاؤمی کا ایم آئی سی سی 9 پرو پریمیم صرف چین کی مارکیٹ میں میسر ہوگا اور اس کی قیمت 400 ڈالرز (تقریباً 60 ہزار پاکستانی روپے) ہے۔

شیاؤمی کمپنی کا کہنا تھا کہ ایم ای نوٹ 10 میں بھی ان ہی چیزوں کا استعمال کریں گے جو کہ آئندہ دنوں میں وسیع پیمانے پر فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

ریسرچ فرم کینالس کے مطابق شیاؤمی کا شمار اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ سمارٹ فون فروخت کرنے والی چوتھی کمپنی میں کیا جاتا ہے جس کا مارکیٹ شیئر 9.1 فیصد ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق موبائل فون کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ فون میں 6 جی بی ریم ہے جبکہ 128 جی بی سٹوریج ہے، سیلفی کیمرہ 32 میگا پکسل ہے۔