بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں کوئلے کی کان میں دھماکے کے باعث 15 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چین کی سرکاری نیوز ایجنسی زِنہوا نے بتایا کہ شانسی پِنگیاؤ فِنگیان کول اینڈ کوک گروپ کمپنی کی کان میں گیس کے دھماکے میں 9 افراد زخمی بھی ہوئے۔ دھماکے کے وقت زیر زمین 35 کان کن کام کر رہے تھے جس میں سے 11 وہاں سے بھاگنے میں کامیاب ہوئے۔
چینی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا کہ زخمی کان کنوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
شانسی میں کوئلے کی کانوں میں حفاظتی انتظامات کے منتظم شین شوپینگ کا کہنا تھا کہ حادثے سے انکشاف ہوا کہ کمپنی کے ملازمین میں قانون کی حکمرانی اور افراتفری کے انتظام سے آگاہی کا فقدان تھا۔
انہوں نے کہا کہ حادثہ قانون اور ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کی جانے والی سرگرمی کی وجہ سے پیش آیا، تاہم حکام دھماکے کی اصل وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ واضح رہے کہ چین میں جان لیوا کانوں کے حادثات معمول کی بات ہے جہاں صنعتوں کا حفاظتی ریکارڈ بہت خراب ہے۔ گزشتہ ہفتے ایک اجلاس میں چین کی کابینہ نے کام کی جگہ میں حفاظتی انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے پیداواری مقامات حفاظت کے مسائل کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کا حکم دیا تھا۔