لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں ایک مثال بہت مشہور ہے جس کے بارے میں اکثر اوقات جھگڑالو لوگوں کو کہا جاتا ہے کہ دماغ مت کھاؤ، لیکن حیران کن طور پر ایک حقیقی خبر چین سے سامنے آئی ہے جہاں پر ایک شخص کے دماغ میں کیڑے کو نکال لیا گیا ہے جو اس کا دماغ کھا رہا تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں ایک شخص کے دماغ کے پیچیدہ ترین آپریشن کے بعد دماغ سے کیڑا نکالا گیا ہے جو اسکے دماغ کو کھارہا تھا لیکن حیرت انگیز طور پر وہ شخص مرنے سے محفوظ رہا ہے۔
چین کے ہسپتال میں داخل ہونے والے شخص وینگ لائی کو 2007ء سے سر اور چہرے کے بائیں حصے میں درد اور سن کی شکایت تھی جو کسی بھی طرح ٹھیک نہیں ہورہی تھی۔ اس کے بعد ہر گزرتا دن اسے مزید کمزور اور متاثر کر رہا تھا۔
اس نے پورے عرصے میں چین کے بڑے دماغی ماہرین اور دماغی رسولیوں کے سرجن سے بھی رابطہ کیا لیکن وہ اس کی بگڑتی ہوئی کیفیت جاننے میں ناکام رہے۔
اس کے بعد مریض کی صحت تیزی سے بگڑنے لگی اور دورے پڑنے لگے یہاں تک کہ وہ ہوش میں نہیں رہتا اور اس کی بصارت بھی شدید متاثر ہورہی تھی۔
خوش قسمتی سے 2018ء میں ڈاکٹر نے مرض شناخت کرتے ہوئے بتایا کہ دماغ میں کیچوا موجود ہے جو دماغ کو کھا کھا کر بہت بڑا بھی ہو چکا ہے لیکن دماغ کے نازک حصے میں تلملارہا ہے اور حساس حصے کے آپریشن میں خود نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اس کے بعد چین کے مشہور ہسپتال میں داخل کیا گیا اور پیچیدہ آپریشن کے بعد دماغ سے کیڑا نکال لیا گیا۔ دو گھنٹے کے آپریشن کے بعد جب Sparganum mansoni کیڑے کو دیکھا گیا تو معلوم ہوا کہ یہ کتے اور بلیوں کی آنتوں میں پایا جاتا ہے اور انسانوں میں اس کی موجودگی بہت ہی کم دیکھی گئی ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق یہ ایک پرخطر آپریشن تھا اور پورے کیڑے کو نکالا گیا ورنہ اس کی باقیات سے دوبارہ کیچوا بن سکتا تھا۔