لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو سی پیک اتھارٹی کا سربراہ بنانے کا فیصلہ

Last Updated On 22 November,2019 11:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک چین اقتصادی راہدرای (سی پیک) اتھارٹی کے سربراہ کی تعیناتی کا معاملہ، وفاقی حکومت کا لیفیٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو چئیرمین سی مقرر کرنے کا فیصلہ، سمری وزیراعظم کو بھجوا دی گئی۔

ذرائع کے مطابق حال ہی میں صدارتی آرڈیننس سے قائم کی جانے والی سی پیک اتھارٹی کے سربراہ کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نئے چئیرمین سی پیک اتھارٹی کی تعیناتی کیلئے سمری وزیراعظم آفس کو بھجوا دی ہے جس کی آئندہ کابینہ اجلاس میں منظوری دی جائے گی۔

سی پیک اتھارٹی کے لیے 3 نام بھیجے گئے ہیں جس میں لیفیٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کا بھی نام ہے۔ سٹیبلشمنٹ ڈویژن کو نئے چئیرمین سی پیک اتھارٹی کیلئے وزیراعظم عمران خان کی منظوری کا انتظار ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے لیفیٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو سربراہ سی پیک اتھارٹی بنانے کا حکومت نے فیصلہ کر لیا ہے۔ عاصم سلیم باجوہ کو چار سال کیلئے چئیرمین سی پیک اتھارٹی تعینات کیا جائے گا۔

وزیراعظم اور کابینہ کی منظوری کے بعد سٹیبلشمنٹ ڈویژن باقائدہ تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔