برلن: (ویب ڈیسک) دوسری جنگ عظیم عالمی جنگ تھی جو 1939ء سے شروع ہوئی اور 1945ء میں ختم ہوئی۔ جنگ عظیم کا بیج اسی وقت بو دیاگیا تھا جب معاہدہ ورسائی پر دستخط ہوئے تھے لیکن باقاعدہ آغاز 1 ستمبر 1939ء کو ہوا جب پولینڈ پر جرمنی حملہ آور ہوا اور برطانیہ نے جرمنی کے خلاف اعلان جنگ کر دیا۔ 1918ء سے 1939ء تک کی یورپین تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ برطانیہ اس کا خواہاں تھا کہ ہٹلر زیادہ سے زیادہ طاقت پکڑ جائے۔ دوسری جنگ عظیم کے حوالے سے ایک خبر جرمنی سے آئی ہے جہاں پر 250 کلو وزنی 2 بم برآمد ہوئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی جرمنی کے شہر ڈورٹمنڈ میں دوسری جنگِ عظیم کے بموں کی موجودگی کی اطلاع ملی جس کے بعد شہر سے 14 ہزار افراد کا انخلاء کر کے 2 بموں کو ڈھونڈ لیا گیا۔
حکام نے خبردار کیا تھا کہ اتحادی فوج کی جانب سے جنگ کے دوران گرائے جانے والے نا پھٹنے والے بم شہر کی زائد آبادی والے حصے کے چار مقامات پر دفن ہوسکتے ہیں۔
ڈورٹمنڈ شہر کے سرکاری ٹوئٹر پر اعلان کیا گیا تھا کہ تعمیراتی کام کے دوران مزدوروں کو اس حوالے سے کچھ پتاچلا ہے۔ اطلاع کے بعد بم کی تلاش کرنے کا عمل شروع ہوا جس کے بعد 250 کلو گرام وزنی 2 ( برطانوی اور امریکی) بم ملے جسے محفوظ بنا دیا گیا جب کہ مزید 2 بموں کو بھی تلاش کیا گیا لیکن وہ نہ مل سکے۔
یاد رہے کہ جرمنی میں اس سے قبل بھی گزشتہ سال ستمبر میں شہر ہینوور سے دوسری جنگِ عظیم کا 250 کلو گرام وزنی بم ملا تھا۔