لاہور: (روزنامہ دنیا) سری نگر کے شہری نے برفباری کے دوران زمین پر پڑی برف سے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے کار بنا کر سب کو حیران کر دیا۔
سری نگر کے رہائشی اس باصلاحیت شہری کا نام زبیر احمد ہے جو کاروں کا مکینک تو نہیں لیکن کاروں کا سامان فروخت کرنے کا کاروبار کرتا ہے اور اس نے اپنے کاروبار کو ہی ذہن میں رکھتے ہوئے زمین پر پڑی برف سے کوئی انسانی پتلا بنانے کے بجائے کار ہی بنا ڈالی۔
زبیر احمد نے کار پر خوبصورت رنگ بھی کر دئیے جس سے ان کے فن کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگوں کا رش لگ گیا، لوگوں نے برف سے بنی کار کی تصاویر بھی لیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ زبیر احمد کا کہنا ہے کہ انہیں بچپن سے ہی برف سے چیزیں بنانے کا شوق ہے، وہ کار کے سامان کا بزنس کرتے ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے کار بنانے کا ارادہ کیا۔