لندن: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں آن لائن گیمز کھیلنے کے شوقین افراد کی تعداد کروڑوں میں ہے، ان میں سے بہت جنونی افراد اپنا زیادہ تر وقت گیمز کھیلنے میں گزارتے ہیں، تاہم ایک حیران خبر برطانیہ سے آئی ہے جس نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے جہاں پر آن لائن گیم کھیلتے ہوئے ایک برطانوی خاتون کو امریکی شہری سے محبت ہو گئی اور شوہر کو چھوڑ کر اس سے شادی کر لی۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’دی مرر’ کے مطابق 41 سالہ خاتون کا نام کیلی سیکسٹن ہے، جس کی آن لائن گیم کھیلتے ہوئے امریکی شہری نک وون ایسٹن سے ملاقات ہوئی اور دونوں ایک دوسرے سے محبت کرنے لگے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ایک روز کیلی نے اپنے شوہر سے کہا کہ اسے طلاق چاہیے کیونکہ وہ کسی اور مرد سے محبت کرنے لگی ہے اوراس کے ساتھ نئی زندگی شروع کرنا چاہتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کیلی نے 9 سالہ شادی ختم کرتے ہوئے اپنے شوہر سے طلاق لی اور امریکا کے شہر وسکانسن منتقل ہو گئی جہاں اس نے 30سالہ نک کے ساتھ شادی کر لی۔
شادی کے بعد چار بچوں کی ماں کیلی کا کہنا تھا کہ یری کہانی مجھے پریوں کی کہانی جیسی لگتی ہے۔ میں ایک شادی شدہ عورت تھی اور میرے چار بچے تھے۔ پھر مجھے 4 ہزار میل دور رہنے والے شخص سے محبت ہوئی اور میں اس کے لیے سب کچھ چھوڑ کر چلی آئی۔ جب میں نے نک کو پہلی بار دیکھا تھا تو مجھے لگا جیسے میری روح کو اس کا ساتھی مل گیا ہے۔