لاک ڈاؤن، بھوک سے تڑپتے بندروں نے تھانے کا گھیراؤ کرلیا، ویڈیو وائرل

Last Updated On 18 April,2020 10:43 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس نے جہاں انسانوں کو اپنے جکڑا ہوا ہے وہیں پر جانور بھی بے حال ہو کر رہ گئے ہیں، اس ایک مثال بھارت سے آئی ہے جہاں پر کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے متاثر ہونے والے بندروں نے تھانے کا گھیراؤ کر کے اپنا مطالبہ منوا لیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اترپردیش کے ضلع لکیم پور کھیری میں بھوکے بندروں نے تھانے کا گھیراؤ کیا جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم نے انہیں کھانا فراہم کیا۔

انٹرنیٹ پر بھوکے بندروں کو کھانا کھانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین نے پولیس کے کردار کو سراہا۔

پولیس آفیسر کا کہنا تھا کہ چند روز قبل میں گھر واپس جارہا تھا تو راستے میں بھوکے بندروں کو دیکھا، مجھے اُن پر رحم آگیا جس کے بعد میں نے انہیں روزانہ کھانا ڈالنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ دو تین روز کھانا ڈالنے کے بعد میری ذمہ داریاں بڑھ گئی تھیں جس کی وجہ سے بندر بھوکے تھے۔ میں اندر بیٹھا تھا تو آوازیں آنا شروع ہوئیں، جب باہر آکر دیکھا تو تھانے کے باہر بہت سارے بندر جمع تھے جو بھوک سے بلک رہے تھے۔

پولیس آفیسر نے بتایا کہ ہم نے یہ صورت حال دیکھنے کے بعد فوری طور پر کھانے کا انتظام کیا اور بندروں کو ابلے ہوئے گُڑ کے چاول ڈالے جو انہوں نے بہت مزے سے کھائے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھوک سے نڈھال بندر ایک دوسرے سے کھانا چھین پر اپنا پیٹ بھرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت میں ہونے والے لاک ڈاؤن میں تین مئی تک توسیع کردی گئی ہے، عوام کے گھروں میں محدود رہنے سے سڑکوں پر گھومنے والے جانور (گائے، کتے، بلیاں، بندر) کو کھانا معمول کے مطابق مل نہیں پارہا جس کی وجہ اُن کا برا حال ہے۔
 

Advertisement