کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کی ساحلی پٹی مبارک ولیج پر مقامی غوطہ خوروں نے وہیل مچھلی کے ساتھ ڈائیونگ کرتے ہوئے ویڈیو بنالی۔
تفصیلات کے مطابق دو بھائیوں یاسر اور شہزاد مبارک نے مقامی طور پر پہلی مرتبہ کیمرے کی مدد سے زیر سمندر ویڈیو بنائی،،مبارک ولیج میں اکثر مقامی افراد وہیل مچھلی کے ساتھ ڈائیونگ کرتے ہیں مگر ویڈیو بنانے کا کارنامہ ان دونوں بھائیوں نے سرانجام دیا
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مبارک ولیج کے قریب سمندر میں وہیل، ڈولفن اور کچھووں کی کئی اقسام پائی جاتی ہیں۔
ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) پاکستان کے حکام کے مطابق وہیل شارک دنیا کی سب سے بڑی مچھلیوں میں سے ہے جبکہ کونسلر مبارک ولیج کا کا کہنا ہے کہ پہلی بار مقامی لوگوں نے زیرآب ویڈیو بنائی ہے۔
تکنیکی مشیر ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان معظم خان کا کہنا تھا کہ یہ وہیل شارک ہے اور دنیا کی سب سے بڑی مچھلی ہے، وہیل شارک کے ساتھ ڈائیونگ کی پہلی ویڈیو دیکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غوطہ خور غیر محفوظ طریقے سے وہیل کے ساتھ ڈائیونگ کررہے تھے، جسامت میں بڑی ہونے کے باعث یہ غوطہ خوروں کو زخمی کرسکتی ہے۔