کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی جاری ہے، پولیس نے چند روز میں دو اہم کیسز حل کرلئے، تاجروں سے بھتہ وصول کرنے والا اور وکیل کو اغوا کے بعد قتل کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے اہم کارروائی کی، تاجروں سے کروڑوں روپے بھتہ وصول کرنے والا ملزم کورنگی مہران ٹاون سے پکڑا گیا۔
ایس ایس پی عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ ملزم نے درجنوں وارداتوں کا اعتراف کیا۔ بھتہ خور شاہد نے تاجر محمد عمران سے ایک کروڑ روپے بھتہ طلب کیا تھا۔ موبائل فون سے بھتے کے پیغامات بھیجنے والا ملزم دہشتگردی کے مقدمات میں نامزد ہے۔
ادھر ضلع وسطی پولیس نے 4 ملزموں کو گرفتار کرلیا، ایس ایس پی عارف اسلم راو کے مطابق ملزمان نے چند روز قبل چمبر آف کامرس کے ممبر ایڈوکیٹ فرحت علی عسکری کو کپڑوں کا تاجر بن کر اغوا کیا اور اہل خانہ سے 4 کروڑ روپے تاوان طلب کیا۔
ملزوں نے فرحت علی کو قتل کر کے لاش سوٹ کیس میں بند کرکے ندی میں پھینک دی تھی۔ ملزمان اویس علی، فیضان،افتخار اور سعد سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔