راولپنڈی: (دنیا نیوز) نیب نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو کل طلب کرلیا۔ سندھ میں سولر لائٹس کا ٹھیکہ لینے والی کمپنی کے 2 ڈائریکٹرز نے پلی بارگین کرلی۔
قومی احتساب بیورو کے راولپنڈی دفتر سے وزیراعلیٰ سندھ کی طلبی کے سمن جاری کر دیئے گئے۔ مراد علی شاہ کو جعلی اکاؤنٹس اور سندھ روشن منصوبے میں بے ضابطگیوں سے متعلق تحقیقات میں پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا گیا ہے۔
سولر لائٹس کیس میں ڈائریکٹرز محمد جعفر اور عزیر تحسین نے اعتراف جرم کرلیا۔ دونوں ڈائریکٹرز نے لوٹے گئے 21 کروڑ روپے واپس قومی خزانے میں جمع کرا دیئے۔
ادھر مراد علی شاہ کی پیشی کے حوالے سے نیب نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے سیکیورٹی بھی طلب کرلی۔ چیف کمشنر اسلام آباد کو خط میں نیب نے سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی درخواست کی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو دو مرتبہ پہلے بھی نیب پنڈی کی جانب سے طلب کیا جا چکا ہے جب کہ مراد علی شاہ ایک مرتبہ نیب پنڈی کے دفتر میں پیش ہو چکے ہیں۔