اہلخانہ نے وینٹی لیٹر کا پلگ ہٹا کر ایئر کولر چلا دیا، کورونا مریض چل بسا

Last Updated On 20 June,2020 06:40 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی آتی جا رہی ہے، بھارت سے ایک انوکھی خبر آئی ہے جہاں پر ایک شخص ہلاک ہو گیا کیونکہ اہلخانہ نے وینٹی لیٹر کا پلگ ہٹا کر ایئر کولر چلا دیا۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں دنیا سے آئے روز کوئی نہ کوئی انوکھی خبر سامنے آتی رہتی ہے۔ ایسا ہی واقعہ راجھستان کے شہر کوٹہ میں پیش آیا ہے جہاں ہسپتال میں زیر علاج مریض اس لیے ہلاک ہو گیا کہ اسکے خاندان والوں نے مریض کو لگے وینٹی لیٹر کے پلگ کو سوئچ بورڈ سے ہٹا کر ایئر کولر کا پلگ لگایا۔

خبر رساں ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق ہسپتال کی انتظامیہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق مریض کو کورونا وائرس کے شبے میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کروایا گیا تاہم اس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔ اسے 15 جون کو آئسولیشن وارڈ میں منتقل کیا گیا کیونکہ آئی سی یو میں ایک اور مریض میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔

آئسولیشن وارڈ میں گرمی کی وجہ سے مریض کی فیملی نے اسی دن نیا ایئر کولر خریدا اور مبینہ طور پر قریب کوئی سوئچ بورڈ نہ ملنے پر انہوں نے وینٹی لیٹر کا پلگ اتار کر وہاں کولر لگا دیا، اور آدھے گھنٹے کے بعد وینٹی لیٹر کی پاور ختم ہو گئی۔ انہوں نے عملے کو اطلاع دی لیکن اس وقت تک مریض مر چکا تھا۔

تحقیقاتی کمیٹی نے ڈیوٹی پر تعینات عملے کے بیان ریکارڈ کر لیے ہیں لیکن مرنے والے کے لواحقین کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہو رہا۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ جو بھی ملوث ہوا اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مریض کے خاندان والوں نے کولر لگانے کی اجازت نہیں لی تھی اور جب مریض مر گیا تو انہوں نے میڈیکل سٹاف اور ڈاکٹر کے ساتھ ’بد تمیزی‘ کی۔