کانپور: (روزنامہ دنیا) بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر کانپور کے چڑیا گھر میں ایک بندر کو 250 لوگوں کو کاٹنے اور ایک شخص کو قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چڑیا گھر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بندر ساری عمر سلاخوں کے پیچھے رہے گا اور اسے رِہا نہیں کیا جائے گا۔ بندر نے مرزا پور میں 250 لوگوں کو کاٹ کر زخمی کیا جبکہ ایک شخص بندر کے حملے کے نتیجے میں شدید زخمی ہوا اور دوران علاج چل بسا۔
چڑیا گھر کی انتظامیہ نے مشکل سے اس بندر کو پکڑا اور 3ماہ سے اس کی ٹریننگ ہورہی تھی کہ وہ لوگوں کو کاٹنا چھوڑ دے تاہم ناکامی پر اسے ہمیشہ کیلئے قید رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ ہندو معاشرے میں بندر کو احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے تاہم بندر اس کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارت بھر میں انسانوں پر نہ صرف حملے کرتے ہیں بلکہ کھانے پینے سمیت قیمتی اشیا چرا لیتے ہیں۔ اب بھارتی بندر انسانوں کو زخمی اور قتل بھی کرنے لگے ہیں۔