دائرے کی شکل میں کھودی گئیں قدیم خندقیں دریافت

Last Updated On 24 June,2020 09:17 am

لندن: (روزنامہ دنیا) ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے برطانیہ میں سٹون ہینج کے قریب ہزاروں سال پرانی خندقیں دریافت کی ہیں جو ایک دائرے کی شکل میں کھودی گئی تھیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق تحقیق سے معلوم ہوا کہ پانچ میٹر گہری اور دس میٹر چوڑی خندقوں کا 1.2 میل طویل دائرہ بنایا گیا تھا۔ ٹیسٹنگ سے پتا چلا کہ یہ کھدائی پتھروں کے دور کے آخری مراحل کے دوران تقریباً 4500 سال پہلے کی گئی تھی۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ 20 کے قریب یہ خندقیں کسی مقدس علاقے کو محفوظ رکھنے کیلئے کھودی گئی تھیں۔ سینٹ اینڈوز یونیورسٹی کے محکمہ ارتھ اینڈ اینوائرمینٹل سائنسز کے ڈاکٹر رچرڈ بیٹس کا کہنا تھا کہ نمونے جمع کر کے ہمیں پتا چلا کہ ماضی میں یہاں انتہائی پیچیدہ معاشرہ موجود تھا جس کا ہم تصور بھی نہیں کر سکتے۔

ٹیم کے رکن ٹم کنارڈ کا کہنا تھا کہ اس دریافت کے ذریعے ماہرین سٹون ہینج کے علاقے کے بارے میں گزشتہ 4000 سال کی تفصیلی معلومات قلم بند کرسکتے ہیں۔