قوت گویائی سے محروم خاتون نے ٹھیک ہونے کے بعد 5 زبانوں کے لہجوں پر پر عبور حاصل کر لیا

Last Updated On 24 June,2020 09:01 am

لندن : (ویب ڈیسک) بولنے کی طاقت سے محروم ہونے والی خاتون نے ٹھیک ہونے کے بعد قدرتی طور پر پانچ زبانوں کے لہجوں پر عبور حاصل کرلیا، ڈاکٹرز بھی سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔

تفصیلات کے مطابق اچانک قوت گویائی سے محروم ہونے والی خاتون کئی ماہ بعد بولنے لگی لیکن اس کی قوت گویائی کی واپسی کوئی عام نہیں بلکہ ایک خاص طرز کی ہوئی ہے۔

برطانیہ سے تعلق رکھنے والی 31 سالہ خاتون اچانک قوت گویائی سے محروم ہونے کے کچھ ماہ بعد ٹھیک ہوئی تو 5 مختلف زبانوں کے لہجوں میں گفتگو کرنے لگی، خاتون کے موڈ کے مطابق اس کے لہجے بھی تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔

بورن ماؤتھ چلڈرن ہوم کی منیجر 31 سالہ ایملی ایگن ایسیکس کے لہجے میں بات کرتی ہیں۔ کچھ عرصہ پہلے وہ اچانک بولنے کی صلاحیت سے محروم ہوئیں تاہم اب ان کی قوت گویائی ایک منفرد انداز میں واپس آگئی ہے۔

کئی مہینے کی خاموشی کے بعد ایملی اب پولش لہجے میں بات کرتی ہیں، بعض اوقات وہ بروکن انگلش لہجے میں بولتی ہیں جبکہ کبھی کبھار ان کا لہجہ فرینچ یا اٹالین بھی ہوجاتا ہے۔ ایملی جب انتہائی پریشان ہوتی ہے تو روسی لہجے میں بات کرتی ہے ، جب بہت زیادہ تھکی ہو تو اس کی بولنے کی صلاحیت ہی ختم ہوجاتی ہے۔

ڈاکٹرز کئی مہینے تک ایملی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اس کے دماغ کو نقصان پہنچا ہے، ڈاکٹرز یہ نہیں بتاسکے کہ دماغ کو چوٹ لگی کیسے ہے، البتہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اسے فارن ایکسنٹ سنڈروم لاحق ہوگیا ہے۔