تامل ناڈو: (روزنامہ دنیا) ایک پرندے اور اس کے بچوں کیلئے ایک ماہ تک سٹریٹ لائٹس بند کرنے کا دلچسپ واقعہ بھارت میں پیش آیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق تامل ناڈو کے ضلع شیوا گنگائی کے دیہات پوتا کُڑی میں مرکزی کھمبے کے سوئچ بورڈ پر ایک چڑیا نے گھونسلہ بنادیا اور اس پر انڈے دئیے اگر بجلی جلائی جاتی تو اس سے چڑیا کے بچے روشنی یا کرنٹ سے متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔
مقامی طالبعلم کاروپو راجہ نے اہلِ علاقہ سے درخواست کی کہ اس وقت تک روشنیوں کو بند رکھا جائے جب تک انڈے سے بچے برآمد نہ ہوجائیں، طالب علموں نے سوشل میڈیا پر بھی مہم چلائی، آخر کار دیہات میں موجود 100 گھرانے اس پر راضی ہو گئے۔
اس کے بعد مسلسل 35 روز تک گاؤں کی سٹریٹ لائٹس بند رہیں اس عرصے میں انڈوں سے بچے برآمد ہوگئے لیکن اب بھی ان بچوں کے بڑا ہونے کا انتظار کیا جائے گا اور ان کے گھونسلہ چھوڑتے ہی سوئچ بورڈ آن کردیا جائے گا۔