ماسکو: (روزنامہ دنیا) روس کے دور دراز علاقوں میں مچھروں کے غول کے غول کچھ اس طرح دیکھے گئے ہیں کہ وہ کسی بگولے کے صورت میں سفر کررہے ہیں اور ان میں لاکھوں مچھر منڈلارہے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق روس کے جزیرہ نما علاقے کم چاٹیکا کے نواحی گاؤں اوسٹ کم چاٹسک میں لوگ ان دنوں کسی ڈراؤنی فلم جیسے مناظر دیکھ رہے ہیں،اس علاقے میں ہر سال گرمیوں میں لاکھوں مچھر پیدا ہوتے ہیں لیکن اس مرتبہ غیرمعمولی طور پرمچھر سائزمیں بڑے ہیں جو لاکھوں کی تعداد میں جمع ہوکر بگولے کی صورت میں سفر کررہے ہیں جسے ’’مچھروں کا طوفان‘‘ قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سال گرمی بڑھی ہے جس کی وجہ سے مچھروں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ان مچھروں کی جسامت عام مچھر کی نسبت کافی بڑی ہے جنہوں نے کھڑکیوں کی جالیاں اور مچھر دانیاں تک ناکارہ کر دی ہیں۔ مچھروں کے یہ غول کسی بگولے کی طرح ادھر سے اُدھر اڑتے دکھائی دیتے ہیں۔