لاہور: (ویب ڈیسک) یوکرین میں ممتا کے جذبے سے مجبور ماں نے بیٹے کو جیل سے نکالنے کیلئے تن تنہا 35 فٹ طویل سرنگ کھودی تاہم آخری لمحات میں پکڑی گئی۔
یوکرین کے نائیکولائف شہر میں 51 سالہ خاتون (جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی) کا بیٹا کسی جرم کی بنا پر جیل کاٹ رہا تھا، خاتون سے اپنے بیٹے کی طویل جدائی برداشت نہ ہوئی تو اس نے بیٹے کو جیل سے انوکھے طریقے سے رہائی دلوانے کا فیصلہ کیا۔ خاتون نے جیل کے قریب ترین ایک مکان حاصل کیا اور کھدائی کے مخصوص آلات سے اپنا کام شروع کر دیا، وہ تمام رات کھدائی کرتی اور دن کو آرام کرتی۔ اس دوران سب سے مشکل کام ملبے کو سرنگ سے نکال کر ٹھکانے لگانا تھا جو اس خاتون نے انتہائی جانفشانی سے انجام دیا۔
آخر اس نے کئی راتوں کی محنت کے بعد 35 فٹ طویل سرنگ کھود لی جو کئی مزدور مل کر بھی مشکل سے انجام دے سکتے تھے۔ لگاتار 3 ہفتے یہ مشقت طلب کام کر کے بھی اس نے دم نہ لیا اور اپنے بیٹے کی جیل سے صرف 10 فٹ دور رہ گئی تھی جب پولیس کو اس کی مشکوک حرکات پر شک گزرا
پولیس نے نگرانی کی تو ان پر خطرناک انکشاف ہوا کہ جیل سے مجرم کو چھڑانے کیلئے اکیلی خاتون نے اتنی طویل سرنگ کھود لی ہے جس کا عام صورتحال میں ممکن ہونا ناقابل یقین ہے۔ پولیس نے جیل سے مجرم چھڑوانے کی کوشش میں خاتون کو گرفتار تو کر لیا تاہم لوگوں نے خاتون کے جذبے اور حوصلے کی تعریف کی۔