ڈائنوسار کا شکار کرنیوالا 3 منزلہ عمارت جتنا ’’دہشتگرد‘‘ مگرمچھ

Published On 18 August,2020 11:19 am

نیویارک: (روزنامہ دنیا) مگرمچھ جیسے ایک قدیم و معدوم جانور کے کروڑوں سال پرانے رکازات کا باریکی سے جائزہ لینے کے بعد ماہرین کا کہنا ہے کہ شاید یہ اتنا خطرناک تھا کہ ڈائنوسار تک کا شکار کیا کرتا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس مگرمچھ کی قدیم ترین باقیات 8 کروڑ 20 لاکھ سال پرانی ہیں جو ظاہر کرتی ہیں کہ ڈائنوسار کے ساتھ یہ بھی موجود تھا۔ اس کے نوک دار دانت بڑے کیلے جتنے لمبے تھے ، یہ ڈھائی ٹن سے 5 ٹن تک وزنی ہوا کرتا تھا جبکہ اس کی لمبائی تقریباً 33 فٹ یعنی ایک عام تین منزلہ عمارت جتنی ہوتی تھی۔

ان خصوصیات کی وجہ سے اس قدیم مگرمچھ کو ’’ڈینوسوکس‘‘ یعنی دہشت گرد مگرمچھ’’ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ مگرمچھ آج کے مگر مچھوں کی طرح جوہڑوں میں چھپ کر شکار کا انتظار کرتا تھا اور جونہی کوئی ڈائنوسار آتا تو یہ اس کا شکار کر لیتا تھا۔

علاقے سے ملنے والے ڈائنوسارز کے رکازات کے مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ ڈینوسوکس کے دانتوں کے کاٹے کے نشانات ڈٓئنوسارز کے اجسام پر پائے گئے۔