برازیل، جنگلات میں رہنے والے مینڈک کی دو بیویاں

Published On 19 August,2020 08:46 am

ساؤ پالو: (روزنامہ دنیا) یہ پہلا موقع ہے کہ کسی مینڈک میں ایک سے زیادہ بیویاں رکھنے کا عمل دریافت کیا گیا ہے۔

یہ دلچسپ دریافت ساؤ پالو میں واقع ‘یونیورسٹی آف کیمپیناس’ کے ماہرِ حیاتیات ڈاکٹر فابیو ڈی سا اور ان کے ساتھیوں نے کی ہے جس کی تفصیلات آن لائن ریسرچ جرنل ‘‘سائنس ایڈوانسز’’ کے تازہ شمارے میں شائع ہوئی ہیں۔

مینڈک کا سائنسی نام Thoropa taophora ہے جو برازیل کے بارانی جنگلات میں ساحل کے قریب چٹانوں کی دراڑوں میں رہتا ہے۔ ماہرین نے دریافت کیا کہ مینڈک کی اس قسم میں نر کے ساتھ دو مادائیں رہتی ہیں۔

ماہرین نے جب اس مینڈک کے انڈوں اور ٹیڈپول کا جینیاتی تجزیہ کیا تو پتا چلا کہ ان کا جینوم اس نر مینڈک اور دو بیویوں میں سے کسی ایک کے ڈی این اے پر مشتمل ہے۔ اس طرح یہ تصدیق ہوگئی کہ دونوں مادہ مینڈک، اسی ایک نر مینڈک کی ‘وفادار بیویاں’ ہیں۔