نئی دہلی: (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں ایک ایسی خبر ہے جس نے سب کو حیران کر دیا ہے، میں ایک ایسی سبزی پائی جاتی ہے جس کی فی کلو قیمت 68 ہزار روپے ہے۔
کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ دنیا کی مہنگی ترین سبزی کون سی ہے اور اس کی کتنی قیمت ہے؟ آج ہم آپ کو مشرومز کی ایک ایسی قسم کے بارے میں بتانے جا رہے ہیں جو دنیا کی مہنگی ترین سبزی قرار دی جاتی ہے اور اس کی قیمت اتنی ہے کہ سن کر آپ مبہوت رہ جائیں گے۔
انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ ہمالین مشرومز ہیں جو ہمالیہ کے پہاڑوں کے دامن میں پیدا ہوتے ہیں۔ شہد کے چھتے کی طرح نظر آنے والے ان مشرومز کی دنیا میں اس قدر مانگ ہے کہ یہ لگ بھگ 30ہزار بھارتی روپے (تقریباً 68ہزار پاکستانی روپے) فی کلوگرام کی قیمت میں فروخت ہوتے ہیں۔اس لحاظ سے یہ زعفران اور کستوری کے ہم پلہ خیال کیے جاتے ہیں۔
یہ مشرومز بھارتی ریاستوں ہماچل پردیش اور اترن چل سمیت مقبوضہ جموں و کشمیر اور کچھ پاکستانی علاقوں میں بھی پائے جاتے ہیں۔ ان مشرومز کا نام ’گوچی ‘ (Gucchi)ہے اور ان کی قیمت اس قدر زیادہ ہونے کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ انہیں باقی مشرومز کی طرح کاشت نہیں کیا جا سکتا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ صرف قدرتی طور پر ہی اپنے ماحول میں اگتے ہیں۔ بارش کے موسم میں ہمالیہ کے پہاڑوں میں یہ مشرومز کافی مقدار میں اگتے ہیں اور غذائیت میں مشرومز کی باقی اقسام سے کہیں بہتر ہوتے ہیں۔
ان میں منرلز، فائبر، آئرن اور وٹامن ڈی سمیت دیگر غذائی اجزاءبھرپور مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ یہ جسم میں تیزابی مادوں کو جمع ہونے سے روکنے اور کولیسٹرول کو مستحکم رکھنے کے لیے انتہائی مفید ہوتے ہیں۔