واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) شمالی امریکا میں پایا جانے والا ’’چک اے ڈی‘‘ نامی پرندہ گانا گا کر ساتھی پرندوں کو خطرے سے آگاہ کرتا ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک ہی گانا گاتا ہےجو ان کے نام سے مماثلت رکھتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف واشنگٹن کے ماہرین حیاتیات کا کہنا ہے کہ سیاہ سر والا یہ پرندہ 6 سے 14میٹر تک لمبا ہوتا ہے اور چک اے ڈی کے الفاظ کو گنگنا کر ساتھیوں کو خطرے سے آگاہ کرتاہے۔
کم خطرناک حملہ آور کیلئے یہ چک اے ڈی گنگنائے گا اور حملہ آور جتنا زیادہ خطرناک ہو گا اس گانے میں ڈی کا لفظ اتنی ہی زیادہ بار دہرائے گا۔ گانا سننے والے پرندے ڈی کی شدت سن کر اپنی حکمت عملی بناتے ہیں۔
جنگل میں یوں تو دیگر جانور بھی خطرے کی گھنٹی کا کام کرتے ہیں، جیسے شیر کے آنے پر بندر چیخ چیخ کر دیگر جانوروں کو مطلع کر دیتے ہیں جبکہ پرندے بھی خوب شور مچاتے ہیں جس کے سبب ہرن جیسے جانور اپنی جان بچانے کیلئے بھاگ کھڑے ہوتے ہیں۔