قاہرہ: (دنیا نیوز) مصر میں ڈھائی ہزار سال پہلے دفن کیے گئے تابوتوں کی دریافت کی گئی ہے، ماہرین اسے اپنی نوعیت کی سب سے بڑی دریافت قرار دے رہے ہیں۔
یہ تابوت قاہرہ کے جنوبی علاقے سقارہ میں ایک کنویں کے اندر پائے گئے ہیں۔ لکڑی کے بنے ان تابوتوں پر نیلی اور میرون لائنوں کی پیچیدہ مصوری کی گئی ہے۔ مصری حکام کے مطابق پہلے تیرہ تابوت دریافت ہوئے تھے اس کے بعد مزید 14 تابوت نکالے گئے۔ مصر میں ہزاروں سال پرانی قدیم تہذیب کے نادر نمونوں کی برآمدگی معمول بن چکی ہے۔
ماہرین اسے اپنی نوعیت کی سب سے بڑی دریافت کہہ رہے ہیں۔ مصر کے نوادرات کے وزیر نے عملے کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے 36 میٹر نیچے جا کر مشکل حالات میں یہ کام سرانجام دیا۔ مزید تحقیق کے لیے کھدائی کا کام جاری ہے۔ رواں ماہ کے شروع میں حکام کی جانب سے عالمی شہرت یافتہ علاقے ‘مردوں کا شہر’ میں نیا فلائی اوور تعمیر کرنے کیلئے قدیم مقبروں کی توڑ پھوڑ شروع کی گئی تھی جس پر ماہرین کی جانب سے مصری حکومت پر شدید تنقید کی گئی ہے۔