وہیل کے صدی پرانے ڈھانچے ’’مردہ چڑیا گھر‘‘ میں موجود

Published On 18 September,2020 12:54 pm

ڈبلن: (روزنامہ دنیا) آئرلینڈ کے شہر ڈبلن کے ہسٹری میوزیم میں جانوروں کے حیرت انگیز ڈھانچے نمائش کیلئے رکھے گئے ہیں جس کی وجہ سے اسے ’’مردہ چڑیا گھر‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق میوزیم کی چھت سے لٹکے ہوئے وہیل کے 2 ڈھانچے دیکھنے والوں کی توجہ لازمی طور پر اپنی طرف مبذول کروا لیتے ہیں، ان ڈھانچوں کو ایک صدی سے بھی زیادہ عرصہ قبل میوزیم کی چھت کے ساتھ لٹکایا گیا تھا۔

مردہ چڑیا گھر میں رکھے ہوئے ان وہیل کے 2 ڈھانچوں کو گزشتہ روز پہلی بار اتارا گیا ہے، یہ اقدام میوزیم کی انتظامیہ کی طرف سے تزئین نو کرنے کے فیصلے کے سبب کیا گیا ہے۔

ان ڈھانچوں کو اتارنا عام آدمی کے بس کی بات نہیں، اس کیلئے نیدرلینڈ سے 2 ماہرین بلوائے گئے ہیں جو ڈھانچے کی تمام ہڈیوں کو تکنیکی طریقوں سے محفوظ رکھنے اور دوبارہ جوڑنے کے کام میں اپنی مثال آپ ہیں۔ تزئین و آرائش کا کام 3 مہینوں تک جاری رہے گا۔


اس مردہ چڑیا گھر میں دیگر جانوروں کے ڈھانچے بھی رکھے گئے ہیں جن میں کچھ ڈائنوسارز کے دور کے اور کچھ موجودہ دور کے جانور بھی شامل ہیں۔