ٹوکیو: (روزنامہ دنیا) جاپان کے معروف فیشن برانڈ نے سونے سے تیار کی جانے والی مہنگی ترین فیس شیلڈ متعارف کرا دی جس کی قیمت 961 ڈالر (ایک لاکھ 60 ہزار روپے پاکستانی) مقرر کی گئی ہے، اس پراڈکٹ کو اب تک کی مہنگی ترین فیس شیلڈ قرار دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق شیلڈ متعارف کرانے والی کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس فیس شیلڈ میں دونوں اطراف سونا جڑا ہوا ہے، کمپنی نے اس کو لگژری فیس شیلڈ کا نام دیا ہے۔ کمپنی کا دعوی ہے کہ اس شیلڈ کو لگانے کے بعد ماسک پہننے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ کورونا سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ اس فیس شیلڈ کو مارکیٹ میں فروخت کیلئے پیش کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مارکیٹ میں کورونا سے بچاو کیلئے کئی قسم کے ماسک فروخت کیلئے پیش کئے گئے ہیں تاہم کورونا چونکہ نئی قسم کی بیماری ہے اس لئے اس سے متعلق کوئی ٹھوس ثبوت سامنے نہیں آ سکا کہ کس طرح کا ماسک لگایا جائے جو کورونا سے 100 فیصد تک محفوظ رکھ سکے۔