آپریشن کرکے پیٹ سے 7ماہ بعد موبائل فون نکال لیا گیا

Published On 25 September,2020 11:20 am

قاہرہ: (روزنامہ دنیا) مصر کے شہر قاہرہ کے قریبی قصبے میں ایک دیہاتی نے دوستوں کے ساتھ بیٹھے مذاق مذاق میں موبائل فون نگل لیا تھا جسے 7ماہ بعد آپریشن کرکے نکالاگیاہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی ہسپتال کے ڈاکٹرزکاکہناہے کہ حسن ارشاد نامی مریض کی عمر 28 سال ہے اور وہ دیہی علاقے القیوبیہ کا رہنے والا ہے ۔اس شخص کو سینے اور پیٹ میں شدید تکلیف محسوس ہوئی جس پر وہ ہسپتال پہنچا جہاں اس کا مکمل چیک اپ کیا گیا، ڈاکٹرز نے ایکسرے کروایا تو حیرت انگیز طور پر اس کے سینے میں موبائل فون کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔

ڈاکٹروں نے حسن ارشاد کو آپریشن کا کہا جس پرماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے دو گھنٹے طویل آپریشن کیا جو کامیاب رہا اور اس کے سینے سے موبائل فون نکال لیا گیاہے ۔