نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی دارالحکومت میں نشے میں دھت کار مکینک کے لیے ورکشاپ پر مرمت کے لیے کھڑی مرسڈیز کار کی سیر اس وقت بھاری پڑ گئی جب کار ایک آٹو رکشے سے جا ٹکرائی اور تین راہ گیر بھی زخمی ہو گئے۔
بھارتی خبر رساں ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس نے کار مکینک کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس تفتیش کے دوران مکینک نے بتایا کہ کار ایک گاہک کی تھی جو اسے مرمت کے لیے ورکشاپ پر چھوڑ گیا تھا۔
اس شخص نے پولیس کو بتایا کہ اس کی کار میں شراب تھی اور دو خواتین دوست بھی تھیں جنہیں وہ گھمانے کے لیے لے کر گیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر پولیس آر پی مینا کا کہنا تھا کہ جب وہ سرائی کیل خان ٹریفک سگنل پر پہنچا تو کار قابو سے باہر ہو گئی اور رکشے سے جا ٹکرائی۔ اس کے بعد کار اچھلی اور فٹ پاتھ پر جانے والے 3 راہ گیر بھی زخمی ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ مکینک نے کار کو سٹارٹ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہا اور اسی دوران لوگ جمع ہونا شروع ہو گئے اور ٹریفک جام ہوگیا۔ کار سے شراب بھی برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے راہ گیروں کو قریبی ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔