'مجھے کیوں نکالا' نکمے نوجوان کا والدہ اور خالہ پر مقدمہ

Published On 14 October,2020 09:04 am

میکسیکو: (روزنامہ دنیا) میکسیکو کے 30 سالہ نوجوان نے اپنی والدہ اور خالہ کیخلاف مقدمہ کر وادیا جس میں مؤقف اختیار کیا کہ ان دونوں نے اسے گھر سے دھکے دے کر نکالا.

میڈیا رپورٹ کے مطابق نوجوان کا سامان بھی باہر پھینک دیا گیا، اس پر پانی بھری بالٹیاں الٹ دیں اور پھر جھاڑوؤں سے خوب مارا پیٹا۔ نوجوان کرسچیان یورئیل نے پچھلے مہینے دفتر انصاف میں والدہ اور خالہ کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔

جب اس کی والدہ اور خالہ کو پیش کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ یہ لڑکا اس قدر نکما ہے کہ 30 سال کا ہوجانے کے باوجود نہ تو کوئی ملازمت کرتا ہے اور نہ ہی کچھ کما کر لاتا ہے کہ جس سے گھر کے اخراجات پورے ہوسکیں۔

نوجوان کی دونوں رشتے دار خواتین نے مزید کہا کہ یہ پورا دن گھر میں پڑا آرام کرتا رہتا ہے یا پھر ویڈیو گیم کھیلتا رہتا ہے، نتیجہ یہ ہے کہ ہم دونوں کو بڑھاپے میں بھی دوسری جگہوں پر کام کرکے گھر کا خرچہ چلانا پڑتا ہے۔ عدالت نے مقدمے کا کیا فیصلہ کیا؟ اس بارے میں ابھی تک کوئی خبر نہیں آئی ہے لیکن اس میں نکمے لوگوں کیلئے سبق ضرور چھپا ہے کہ بیوی تو بیوی، ماں بھی نکمے شخص کو زیادہ عرصہ برداشت نہیں کر پاتی، اس لئے گھر سے دربدر ہونے سے بہتر ہے بندہ کوئی کام یا ملازمت بروقت کر لے۔