جرمنی: (روزنامہ دنیا) ایک جرمن شخص اب تک جسمانی ظاہری تبدیلی کے 500 سے زائد عمل سے گزرچکے ہیں، رولف بوکوز نے 40 سال کی عمر میں اپنے جسم پر پہلا ٹیٹو بنوایا اور اس کے بعد سے اب تک وہ جسم کے کئی حصوں کو چھدواچکے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے پورے جسم پر کئی ٹیٹو بھی گُدوائے ہیں اور جلد کے نیچے پیوند بھی لگائے ہیں۔ اب تک ان کی تعداد 516 ہوچکی ہے لیکن وہ اب تک غیرمطمئن ہیں اور مزید ایسے ہی عمل سے گزرنا چاہتے ہیں۔ یہاں تک کہ انہوں نے سر کے اندر نوکیلے ابھار لگواکر انہیں سینگوں کی شکل بھی دی ہے۔ اس عمل سے گزرنے کے بعد وہ جسمانی تبدیلیوں کا عالمی ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔
چند برس قبل جب جسمانی تبدیلیوں کے آپریشن کی تعداد 453 تک پہنچی تھی تب ہی گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں ان کا نام آچکا تھا۔ مجموعی طور پر رولف خود کو تبدیل کرنے پر لاکھوں روپیہ خرچ کرچکے ہیں۔