منیلا: (ویب ڈیسک) فلپائن میں مرغوں کی غیر قانونی لڑائی پر چھاپے کے دوران مرغے کے پنجے سے لگا بلیڈ لگنے سے پولیس افسر کی ران کی شریان کٹ گئی جس سے وہ ہلاک ہو گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فلپائن میں مرغوں کی لڑائی ایک مشہور خُونی کھیل ہے جہاں لڑائی کے نتیجے (عموماً مرغے کی موت) پر شرط لگائی جاتی ہے۔
اس غیر قانونی لڑائی کے دوران دونوں رنگ برنگے مرغوں کے پنجوں سے ایک تیز دھار بلیڈ باندھ کر انہیں آپس میں لڑنے کے لیے چھوڑ دیا جاتا ہے۔
فلپائن میں کورونا وائرس میں اضافے کے باعث کھیلوں اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اس لڑائی پر بھی پابندی لگا دی گئی تھی تاکہ وبا کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔
پولیس افسر کے قتل کا یہ واقعہ پیر کے روز شمالی سمار کے صوبے میں اس وقت پیش آیا جب لیفٹیننٹ کرسچیئن بولوک نے اس غیر قانونی کھیل پر چھاپے کے دوران ایک مرغے کو بطور ثبوت پکڑا۔
صوبے کی پولیس کے سربراہ کرنل آرنل اپود نے اے ایف پی کو بتایا کہ مرغے کے بلیڈ نے پولیس افسر کی بائیں ران کو زخمی کیا جس سے ان کی رگ کٹ گئی اور وہ زخم کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔
کرنل آرنل اپود کا کہنا تھا کہ یہ ایک افسوسناک اور بدقسمت واقعہ ہے جس کی میں کوئی وضاحت نہیں کر سکتا۔جب اس واقعے سے متعلق مجھے آگاہ کیا گیا تو مجھے یقین نہیں آیا۔ یہ پولیس میں میرے 25 سالہ کیریئر کا پہلا واقعہ ہے جب میں نے مرغوں کی لڑائی کی وجہ سے ایک پولیس افسر کو کھو دیا۔
کرنل اپود کا مزید کہنا تھا کہ سین جوز قصبے میں تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ بلیڈز کے دو سیٹس اور لڑنے والے دو مرغوں کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔