’گلاب کی روح’ نامی ہیرا چار ارب روپے میں نیلام

Published On 12 November,2020 06:46 pm

سوئٹزر لینڈ: (ویب ڈیسک) گلابی اور ارغوانی رنگ کا انتہائی نایاب روسی ہیرا سوئٹزر لینڈ میں ہونے والی نیلامی میں دو کروڑ 66 لاکھ ڈالر (تقریباً چار ارب روپے) میں نیلام کر دیا گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق 14.8 قیراط وزن کے ہیرے کو ’سپرٹ آف روز‘ یا  گلاب کی روح  کا نام دیا گیا ہے اور یہ اپنی نوعیت کا سب سے بڑا ہیرا ہے جو کہ نیلام کیا گیا ہے۔ ایسے گلابی ہیروں میں سے 99 فیصد 10 قیراط سے کم کے ہوتے ہیں، اس لیے یہ ہیرا انتہائی نایاب سمجھا جا رہا ہے۔

جنیوا میں سودیبی نیلام گھر میں ہونے والی نیلامی کے دوران اس ہیرے میں خریداروں نے بہت دلچسپی لی جس کی وجہ اس کا حجم، رنگ اور اندرونی بناوٹ کو قرار دیا جا رہا ہے۔ نیلام گھر کی جانب سے اس قیمتی ہیرے کے خریدار کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 110 سال سے قبل کبوتر کے ذریعے بھیجا گیا ’پیغام‘ مل گیا

یہ ہیرا ان تین ہیروں میں سے ایک تھا جو کان کنی کی روسی کمپنی الروسا کی ملکیت تھے اور ان تینوں کے نام مشہور روسی بیلے رقص پر رکھے گئے ہیں۔

’سپرٹ آف روز‘ کو اس غیر تراشیدہ ہیرے میں سے تراشا کیا گیا ہے جو 2017 میں روس میں دریافت ہوا تھا۔ اس غیر تراشیدہ ہیرے کا نام روسی نژاد پولش بیلے ڈانسر نجنسکی کے نام پر رکھا گیا تھا۔

گلابی ہیروں میں سب سے مہنگے ہیرے کا اعزاز اب تک  سی ٹی ایف پنک سٹار  نامی ہیرے کو حاصل ہے۔ اپریل 2017 میں یہ 59 قیراط کا ہیرا ہانگ کانگ میں سات کروڑ 10 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔

مئی 2016: اوپن ہائمر بلیو نامی ایک بڑا ہیرا پانچ کروڑ 6 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔ 14.62 قیراط کا یہ ہیرا محظ 20 منٹ کی نیلامی کے دوران جنیوا میں خرید لیا گیا تھا۔ اس خریدار کی شناخت بھی نامعلوم رہی۔

یہ بھی پڑھیں:ترکی میں گدھوں کو بلدیاتی حکومت نے ملازمت دے دی

نومبر 2015: بلیو مون نامی 12.03 قیراط کا ہیرا ہانگ کانگ میں ایک کاروباری شخصیت جوسف لو نے خرید لیا تھا اور اس کے لیے انھوں نے چار کروڑ 84 لاکھ ڈالر ادا کیے تھا۔ اس کی شکل کسی تکیے جیسی ہے۔ انھوں نے یہ ہیرا اپنی سات سالہ بیٹی کے لیے خریدا تھا اور اس کا نام  بلیو مون آف جوسیفین  رکھ دیا تھا تاکہ اسے بیٹی کے نام سے منسوب کیا جاسکے۔

مئی 2015: ایک نامعلوم خریدار نے اس وقت تاریخ رقم کی جب انھوں نے 25.59 قیراط کا ایک قیمتی پتھر تین کروڑ ڈالر کے عوض خرید لیا۔ اس طرح یہ واحد ایسا جواہر بن گیا جسے کسی ہیرے کے علاوہ اتنی بڑی قیمت پر خریدا گیا۔

نومبر 2013: نیلام گھر کرسٹیز کے مطابق دنیا میں کسی بھی نیلامی میں سب سے بڑی قیمت پر فروخت ہونے والا نارنجی ہیرا قریب تین کروڑ 50 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔ اس کی فی قیراط قیمت 24 لاکھ بنی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: فلم بنانے کیلئے بکریاں چوری کرنیوالے دو ہیروز گرفتار

نومبر 2010: گلابی رنگ کا ایک نایاب ہیرا، جو 24.78 قیراط کا تھا، اسے چار کروڑ 62 لاکھ میں خریدا گیا تھا۔ اسے  عظیم دریافتوں میں سے ایک  قرار دیا گیا تھا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ اپنے وقت کا سب سے قیمتی پتھر رہا۔ اسے ایک برطانوی ڈیلر لارینس گریف نے خریدا تھا۔