ہنوئی: (روزنامہ دنیا) ویت نام کے دارالحکومت ہنوئی میں 20 کروڑ ڈالر کی لاگت سے سونے کا ایک ہوٹل بنایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ہوٹل کی عمارت کو باہر سے آراستہ کرنے کیلئے سونے کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ ہوٹل کے اندر ساز و سامان بھی سونے سے تیار کیا گیا ہے اورہوٹل آنے والوں کو جو کھانا پیش کیا جاتا ہے اس میں بھی سونے کا استعمال کیا جاتا ہے۔
ایسا زمانہ قدیم میں ہوتا تھا جب بادشاہ اپنے رہنے کیلئے نہ صرف سونے کے محلات استعمال کرتے تھے بلکہ کھانے پینے کی لوازمات میں بھی سونے کو کسی نہ کسی طرح شاہی باورچی شامل کرتے تھے، سونا ایک طرف تو سجاوٹ کیلئے استعمال ہوتا ہے تو دوسری جانب خوبصورتی کے سبب بھوک میں بھی اضافہ کر دیتا ہے۔
ہنوئی میں تعمیر شدہ25منزلہ اس پُر تعیش ہوٹل میں گولڈ پلیٹڈ ٹائلز کا بڑے پیمانے پر استعمال ہوا ہے ،یہ دنیا کا مہنگا ترین ہوٹل ہے جہاں صرف ایک رات کے قیام کا معاوضہ 250 امریکی ڈالر(تقریباً40ہزار روپے پاکستانی) ہے ۔