600 سال پرانا کپڑا بُننے والی 20 سالہ لڑکی کا ڈھانچہ برآمد

Published On 30 November,2020 09:53 am

لیما: (روزنامہ دنیا) پیرو میں 600سال پرانا 20سالہ لڑکی کا ڈھانچہ برآمد ہواہے جس کے بارے میں آثار قدیمہ کے ماہرین کا خیال ہے کہ وہ کپڑے بُننے کا کام کرتی تھی۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق پیرو کے دارالحکومت لیما میں پائپ لائن بچھانے کیلئےمزدور ایک میدان کی کھدائی میں مصروف تھے کہ ان کو ایک لڑکی کا ڈھانچہ ملا ۔اس ڈھانچے کی جانچ کرنے والے ماہرین کا کہناہے کہ یہ خاتون 600سال قبل انکا سلطنت میں رہتی تھی ،اس کا قد تقریباً 5فٹ اور عمر 20سال کے قریب تھی اور اس کی مو ت طبعی طور پر ہوئی ۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایسی حیرت انگیز دریافت ہے جس نے 600 سال قبل ماضی سے براہ راست ملا دیا ہے،ڈھانچے کے قریب رسیاں اور کپڑے بھی ملے ہیں جس سے یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ یہ لڑکی کپڑے بُننے کا کام کرتی تھی ۔ آثار قدیمہ ماہرین کےتیار کردہ ڈیجیٹل امیج کے مطابق لڑکی کی ناک نوکدار ، چہرہ لمبوترا اورہونٹ موٹے تھے۔

لیما شہر میں 400 کے قریب ایسے قدیم تاریخی مقامات ہیں جہاں مزید تحقیق ہو سکتی ہے، لڑکی کے ڈھانچے کی مزید جانچ کے بعد اس کے بارے میں مزید انکشافات کئے جاسکیں گے ۔
 

Advertisement