لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں ویٹ لفٹنگ کے شوقین افراد کی تعداد کروڑوں میں ہے، اسی حوالے سے ایک خبر ہے جس نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے، خبر کے مطابق ایک سات سالہ بچی نے 80 کلو وزن اٹھا کر دنیا کی طاقتور ترین لڑکی کا اعزاز حاصل کر لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ویٹ لفٹنگ کے عشق میں گرفتار 7 سال کی روری وین نے پانچویں سالگرہ سے ہی ویٹ لفٹنگ شروع کردی تھی جس کے بعد اس کے والد نے بچی کے شوق کو پورا کرنے کے لیے باقاعدہ ویٹ لفٹنگ کی ٹریننگ کروائی۔ روری ننھی سی عمر میں اتنا وزن اٹھانے کے قابل ہوگئی ہے جو عام طور پر نوجوان جم میں بمشکل ہی اٹھاپاتا ہے۔
صرف 4 فٹ لمبی روری وین 7 سال کی عمر میں 80 کلوگرام ڈیڈ لفٹنگ کرسکتی ہے (یہ وزن عام طور پر اولمپکس میں خواتین کے لیے مختص ہوتا ہے)، جبکہ 7 سالہ بچی 61 کلو گرام کے ساتھ سکواٹ، 42 کلوگرام کیساتھ جرک اور 32کلوگرام کے ساتھ سنیچ پوزیشن کی ایکسرزائز کرسکتی ہے۔
گزشتہ ہفتے ہی 11 اور 13 سال سے کم عمر امریکی ویٹ لفٹر کی 30 کلو گرام کی کیٹیگری میں روری وین کو چیمپئن کا تاج پہنایا گیا۔ روری وین کو امریکا کی تاریخ میں کم عمر ترین ’یوتھ نیشنل چیمپئن‘ بننے کا اعزاز بھی حاصل ہے جب کہ 11 سال سے کم عمر کی کیٹیگری میں وہ بہترین ’پونڈ فار پونڈ‘ لفٹر ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے اچھا لگتا ہے کہ میں خود کو مزید مضبوط کروں تاکہ جو کچھ بھی کررہی ہوں اس میں خود کو اور بھی بہتر کرسکوں جب کہ میں اس چیز کی پروا نہیں کرتی کہ آگے کیا ہونے والا ہے یا میرے کسی بھی عمل سے آگے کیا ہوگا، میں صرف اپنا شوق پورا کرتی ہوں۔
روری وین کے والد نے اپنی بیٹی کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روری صرف دنیا کی مضبوط ترین لڑکی نہیں بلکہ اس عمر میں اتنا مضبوط لڑکا یا لڑکی آّج تک پیدا ہی نہیں ہوا۔