لوزیانا: (روزنامہ دنیا) امریکا میں پیکجز ڈیلیوری کرنے والی ایک خاتون ڈرائیور کی نیت بدل گئی اور وہ پیکیج لے اڑیں۔
یہ واقعہ امریکی ریاست لوزیانا میں پیش آیا جہاں وال مارٹ کی ایک خاتون ڈیلیوری ڈرائیور ایک گھر پر پیکیج ڈیلیور کرنے کیلئے پہنچیں۔ گھر کے پورچ میں پہنچ کر انہوں نے پیکیج کی ایک تصویر کھینچی اور خریدار کو بھیج کر کہا کہ ان کا پیکیج ڈیلیور ہوچکا ہے۔ اس کے بعد پیکیج واپس گاڑی میں ڈالا اور وہاں سے روانہ ہوگئیں۔
انتھونی بورل نامی خریدار کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس پیکیج میں اپنے پوتے پوتیوں کے لیے کرسمس کے تحائف منگوائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلیوری ڈرائیور کو علم نہیں تھا کہ اس کی یہ حرکت پورچ میں لگے کیمرے میں ریکارڈ ہوچکی ہے۔
دوسری جانب مقامی پولیس نے خبردار کیا کہ آن لائن شاپنگ میں اضافے کی وجہ سے چور اچکوں نے گھروں کے پورچ سے پارسلز چرانا شروع کر دئیے ہیں۔