ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں 5 سالہ بچے کی مصروف ترین شاہراہ پر گاڑی چلانے کی ویڈیو وائرل ہو گئی، ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ میٹرو روٹ پر لگے کیمروں سے گاڑی کی شناخت کی جا رہی ہے۔
ملتان شہر کی مصروف ترین شاہرہ بوسن روڈ پر 5 سالہ کم عمر بچے کی لینڈ کروزر چلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکا ہے کہ ایک بچہ شہر کی اہم شاہرہ پر گاڑی بلا خوف خطر گاڑی چلا رہا ہے ، تاہم راستے میں متعدد ٹریفک وارڈنز کے ناکوں اور پولیس کی موجودگی کے باوجود بچے کو نہیں روکا گیا۔
ویڈیو وائرل ہونے پر ٹریفک پولیس بھی جاگ گئی ہے جس نے روٹ کے اطراف لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اکٹھا کرنا شروع کر دی ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج سے گاڑی کا نمبر اور مالک کی شناخت ہو گی ، جس پر مالک اور کم عمر ڈرائیو کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔