برسبین:(روزنامہ دنیا) آسٹریلیا میں ایک پیر سے پیدائشی طور پر محروم کوالا ریچھ کو ایک مقامی دندان ساز نے مصنوعی پاؤں لگادیا ہے جس سے اس کی معذوری دور ہو گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کوالا پاوں لگنے کے بعد اب بہت مسرور ہے۔اپنی کمی کو دور ہوتا دیکھ کر کوالا درختوں پر چڑھ رہا ہے اور اسے چلنے پھرنے میں کسی مشکل کا سامنا نہیں۔آسٹریلیا میں وائلڈ لائف کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اس کوالا کو ٹرمف کا نام دیا گیا ہے جس کا مصنوعی پیر ایک پڑوسی دندان ساز نے نصب کردیا ہے ۔
جانوروں کے ایک نرس مارلے کرسچیان نے 2017 میں نیو ساؤتھ ویلز سے اس کوالا کو برآمد کیا تھا۔ اس کی ماں مرچکی تھی اور وہ اپنی ماں کے پہلو میں بے بس لیٹا تھا۔ اس کی ایک ٹانگ پر پنجہ نہیں تھا اور وہاں خشک ہڈی جیسا ابھار تھا۔تاہم ایک ننھا جوتا پہننے کے بعد اس نے فوری طور پر جست بھری اور بھاگ دوڑ کرنے لگا۔ ماہرین اس کے جوتے کے ڈیزائن کی تبدیلی پر مسلسل غور کرتے رہیں گے ۔