برلن:(روزنامہ دنیا) ماہرین نے ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑیوں کیلئے ایسا پاور پیسٹ تیار کیا ہے جو لیتھیم بیٹری کے مقابلے 10 گنا زیادہ توانائی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطبق جرمنی میں فرانہافر انسٹی ٹیوٹ میں طویل تحقیق کے بعد ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑیوں کیلئے ٹوتھ پیسٹ جیسا سرمئی ‘‘پاور پیسٹ’’ ایجاد کیا گیا ہے جس کے بارے میں ماہرین کا دعوی ہے کہ یہ عام طور پر مارکیٹ میں ملنے والی لیتھیم بیٹری کے مقابلے میں دس گنا زیادہ توانائی ذخیرہ کرسکتا ہے ۔ پاور پیسٹ کو عام دباؤ اور درجہ حرارت پر بہ آسانی محفوظ کیا جاسکتا ہے ۔ پاور پیسٹ سے توانائی حاصل کرنے کیلئے ایک خاص نظام کے تحت اسے ایک چیمبر میں پہنچا کر پانی کے ساتھ اس کا کیمیائی تعامل کروایا جاتا ہے جس سے ہائیڈروجن گیس خارج ہوتی ہے۔
بعد ازاں یہ ہائیڈروجن گیس ایک فیول سیل میں پہنچا دی جاتی ہے جہاں اسے آکسیجن کے ساتھ ملا کر پانی بنایا جاتا ہے جس سے حرارت کی شکل میں توانائی خارج ہوتی ہے ۔ پھر اسی حرارت کو بجلی میں تبدیل کرکے استعمال کرلیا جاتا ہے ۔