سٹور مالک مشکل وقت میں لوگوں کی ہمدردی دیکھ کر حیران رہ گئیں

Published On 22 February,2021 06:00 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکسس کے شہر سان انٹونیو میں ایک سٹور کی مالک مشکل وقت میں بھی لوگوں کی ہمدردی دیکھ کر خوش ہوگئیں۔

سان انٹونیو میں ایک سٹور کی مالک بونی ولادیز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں کافی سارے نوٹ بکھرے نظر آرہے ہیں۔

یاد رہے کہ ریاست ٹیکسس اس وقت تاریخ کے بدترین برفانی طوفان کی زد میں ہے، ریاست میں حالات دگرگوں ہیں اور کھانے کی اشیا اور پینے کے صاف پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ وہ اپنے سٹور کے باہر پانی کی بوتلیں رکھتی تھیں تاہم آج جب وہ سٹور پر آئیں تو تمام بوتلیں غائب تھیں۔

سٹور مالک نے لکھا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ لوگ اس وقت مصیبت میں ہیں تاہم وہ اس طرح پانی کی بوتلیں غائب ہونے سے نہایت دل گرفتہ ہوئیں، لیکن جیسے ہی انہوں نے سٹور کا دروازہ کھولا انہیں بے شمار نوٹ بکھرے نظر آئے۔

دراصل لوگوں نے پانی کی بوتلیں اٹھا کر اس کی قیمت بند سٹور کے دروازے کے نیچے سے اندر کھسکا دی تھی جنہیں دیکھ کر سٹور مالک نہایت خوش ہوئیں۔ یہ 620 ڈالرز ہیں، وہ بہت خوش ہیں کہ ان کے سٹور نے اس وقت کئی ڈالرز کما لیے جب وہ بند تھا۔

مذکورہ پوسٹ پر لوگوں نے بے شمار تعریفی کمنٹس کیے اور کہا کہ ایسے مشکل وقت میں بھی لوگوں کی ایمانداری قابل ستائش ہے۔

یاد رہے کہ 30 سالہ تاریخ کے بدترین برفانی طوفان سے ریاست ٹیکسس میں نظام زندگی درہم برہم ہوچکا ہے، ریاست میں کئی روز سے بجلی اور پانی کی فراہم منقطع ہے۔

لوگ اپنے گھروں میں ہیٹنگ سسٹم سے محروم ہیں اور شدید سردی سے اب تک متعدد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

نیشنل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں مزید برفانی طوفانوں کا امکان ہے جس سے لگ بھگ 15 کروڑ شہری متاثر ہوں گے، اس وقت ملک کا 73 فیصد سے زائد حصہ مکمل طور پر برف سے ڈھکا ہوا ہے۔