نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت سے ایک انوکھی خبر سامنے آئی ہے جہاں پر عدالت میں موجود ایک خاتون نے فیملی کورٹ میں اپنی دخواست میں لکھا کہ اسے اپنے شوہر میں بھوت دکھائی دیتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ بھارت کی بڑی ریاستوں میں سے ایک مدھیہ پردیش میں سامنے آیا ہے، گوالیر کی فیملی کورٹ میں خاتون کا کہنا ہے کہ جب بھی اس کا شوہر کمرے میں داخل ہوتا ہے تو اسے بھوت نظر آتا ہے۔
خاتون کے مطابق اسے خدشہ ہے کہ بھوت اسے قتل کر دے گا اس لیے وہ اپنے شوہر سے طلاق لینا چاہتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس جوڑے کی شادی 2018 میں ہوئی تھی، بیوی نے جب سے یہ بات شوہر کو بتائی ہے تو دونوں کے درمیان جھگڑے ہونے لگے ، اس لیے وہ اپنے شوہر کے ساتھ نہیں رہ سکتی۔
بیوی نے طلاق کی درخواست کے ساتھ شوہر سے ہرجانہ بھی مانگا ہے اور اس کے لیے اس نے الگ کیس دائر کیا ہے۔ تاہم، ابھی اس کیس کی سماعت کا سلسلہ جاری ہے اور کوئی بھی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔