اسلام آباد: (دنیا نیوز) سوئی دھاگے سے کڑھائی پاکستانی ثقافت کا خوبصورت رنگ ہے، مشینی دور میں یہ کام کم تو ہوا تاہم دیہی خواتین آج بھی اس روایت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
دلکش رنگ، نفاست کیساتھ ہاتھوں کی خوبصورت کڑھائی، ملبوسات تو جیسے جی اٹھے، گھریلو اشیاء پر بھی سوئی دھاگے کا کمال، گھر پر بیٹھ کر کام کرنے والی خواتین کے اعلی شاہکار ہیں۔
خواتین کے ہنر کی پذیرائی کے لیے وفاقی دارالحکومت میں خوبصورت نمائش سجائی گئی، ہر سو روایتی رنگوں کی بہار تو پھلکاری، کراس سٹیچ ،سموکنگ، کانتھا کٹ ورک، رلیی جیسے خوبصورت نقش ونگار خواتین کے ہنر کی بھرپور عکاسی کر رہے ہیں۔
شاپنگ کی دلدادہ خواتین کہتی ہیں، ملبوسات میں روایت اور جدت کا حسین امتزاج انہیں خریداری پر مجبور کر دیتا ہے۔ شرکا کا کہنا تھا کہ روایتی دستکاریوں کے احیاء کے لیے ان ہنرمند اور محنتی خواتین کی بھرپور معاونت ہونی چاہیے تاکہ روزگار کیساتھ یہ ہنر بھی زندہ رہے۔