نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکا میں ایک حیران کن خبر آئی ہے جہاں پر مالک کے انتقال کے بعد اس کے 50 لاکھ ڈالر (تقریباً 75 کروڑ روپے سے زائد) کتے کو دے دیئے گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 8 سالہ کتیا کا نام ’لولو‘ہے جو ایک نئے نگراں مارتھا برٹن کی زیرِ کفالت ہے ۔ جب جب وہ اصل مالک سے ملنے جاتی تھیں وہ اس کتیا کو اپنے ساتھ رکھتی رہیں اور یوں یہ جانور اپنے مالک کے ساتھ ساتھ مارتھا سے بھی مانوس ہوگیا۔
لولو کا اصل مالک بِل ڈورِس تھا جو ایک سال قبل انتقال کرچکا ہے۔ اس نے ساری زندگی شادی نہیں کی لیکن اپنے کاروبار سے غیرمعمولی رقم کمائی تھی۔ تاہم وفات سے قبل ہی وہ جائیداد سے 50 لاکھ ڈالر لولو کے نام کرچکا تھا تاکہ اسے زندگی دیکھ بھال کے لیے خرچ کیا جاسکے۔
مارتھا کہتی ہیں کہ بِل اپنی پالتو لولو سے بہت محبت کرتا تھا۔
وصیت کے مطابق ایک ٹرسٹ، وصیت کردہ رقم سے لولو کے اخراجات اٹھائے گا جبکہ دیکھ بھال کی ذمے داری مارتھا ہی کریں گی۔ لولو کی غذا، دیکھ بھال، علاج اور دیگر اخراجات کے لیے ماہانہ بنیادوں پر رقم فراہم کی جائے گی۔
مارتھا کے مطابق 50 لاکھ ڈالر (75 کروڑ روپے سے زائد) سے اگر پوری زندگی لولو کو کھلایا پلایا جائے، مہنگے ڈاکٹروں کو دکھایا جائے اور قیمتی کھلونے بھی ہوں تب بھی اس کا بہت معمولی حصہ ہی خرچ ہوگا۔ لیکن یہ کوئی نہیں جانتا کہ اگر کتیا اس دنیا سے رخصت ہوجاتی ہے تو پھر یہ رقم کہاں خرچ ہوگی؟