بیونس آئرس: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، یہ ویڈیو ارجینٹینا کی ہے جس میں کروڑوں مچھر ایک بگولے کی صورت میں اُڑ رہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ یہ مچھروں کا طوفان ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ ویڈیو ایک کارسوار نے بنائی ہے جو پہلے اسے گردوغبار کا ایک طوفان سمجھا لیکن قریب پہنچنے پر انکشاف ہوا کہ درحقیقت یہ مچھروں کا ایک خوفناک غول ہے۔
اس ویڈیو کو اب تک بڑی تعداد میں دیکھا گیا ہے اور کسی نے اسے موسمیاتی تبدیلی سے تعبیر کیا ہے تو دیگر افراد نے مچھروں کی نسل خیزی قرار دیا ہے۔
ویڈیو بنانے والے شخص نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں ایسا منظر نہیں دیکھا کہ گویا مچھروں کی بڑی تعداد پھٹ پڑی ہو۔ بیونس آئرس کی اطراف مسلسل بارشوں کے بعد یہ منظر دیکھا گیا ہے جہاں مچھروں نے بڑی تعداد میں انڈے دیئے ہیں اور اس کے بعد ان گنت مچھروں نے اڑان بھری اور بگولے کی شکل اختیار کرلی۔
ارجنٹینا میں مرکز برائے پیراسائٹ اور ویکٹرڈیزیز کے سبراہ ہوآن ہوزے گارشیا نے کہا ہے کہ مسلسل بارش سے ہرجگہ پانی کے بڑے جوہڑ اور تالاب بن گئے۔ ان پر مادہ مچھروں نے بڑی تعداد میں انڈے دیئے اور ان سے نمودار ہونے والے مچھروں نے یہ شکل اختیار کرلی جو آج دکھائی دے رہی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح مچھروں کی بڑی تعداد گھروں اور شہروں تک بھی پہنچ سکتی ہے۔
دوسری جانب ماہرِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ لانینا موسمیاتی مظہر کی وجہ سے ملک میں نمی کی مقدار زائد ہے اور مچھروں کی بھرمار ہوسکتی ہے۔ تاہم اس کیفیت سے کسان بہت خوش ہیں کیونکہ فصلیں اچھی ہوں گی اور جنگلات کی آگ کا خدشہ بھی کم کم ہوجائے گا۔