لاگوس:(روزنامہ دنیا) نائجیریا کا ابھرتا ہوا ماڈل ‘‘علی اولاکومنی’’ آج سے ڈیڑھ ماہ پہلے تک ایک بے گھر نوجوان تھاجو دن بھر چھوٹی موٹی مزدوری کرکے اپنا پیٹ پالتا تھا اور تھک ہار کر جہاں جگہ ملتی، وہیں سو جاتامگر پھر قسمت اس پر مہربان ہو گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اپریل کی ابتداء میں لاگوس کی ایک ایڈورٹائزنگ ایجنسی میں ایفولابی نامی کری ایٹو ڈائریکٹر اوسون سٹیٹ میں ایک پل کے نیچے اپنے تمام عملے سمیت موجود تھا۔ جس ماڈل کو اس فوٹو شوٹ میں کام کرنا تھا، وہ کسی وجہ سے لوکیشن پر نہیں پہنچ سکا لہذا اس نے پل کے نیچے ہی چکر لگانا شروع کردیا کچھ دوری پر اسے پل کے نیچے سوتے ہوئے کچھ لوگ دکھائی دئیے جن میں سے ایک کا حلیہ اسے مطلوبہ ماڈل کے حساب سے موزوں ترین لگا۔
ایفولابی نے فوراً اسے جگایا اور فوٹو شوٹ میں کام کرنے کی پیشکش کر ڈالی اور اس طرح ‘‘علی’’ کے نام سے ایک نئے ماڈل کا جنم ہوا۔