نئی دہلی (ویب ڈیسک) انڈین ریاست اترپردیش میں ایک ہاتھی نے شادی کی تقریب کو تہس نہس کر دیا، دولہا سمیت تمام باراتیوں کی دوڑیں لگ گئیں۔ تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق دولہے کا نام آنند ترپاٹھی بتایا جا رہا ہے۔ موصوف نے لوگوں کو اپنی دولت کی شوبازی دکھانے کیلئے ہاتھیوں کا اہتمام کیا تھا۔
دولہا میاں جیسے ہی ہاتھیوں کے ہمراہ بارات لے کر شادی کے منڈپ میں پہنچے وہاں موجود منچلوں نے پٹاخے پھوڑنا شروع کر دیئے۔
پٹاخوں کی تیز آوازوں سے ہاتھی ڈر کے مارے مشتعل ہو گئے۔ دولہا ابھی اپنی بھگی سے اترا بھی نہیں تھا کہ ہاتھی نے شادی تقریب میں ہلچل مچا دی اور سب کچھ تہس نہس کر دیا۔
ہاتھی نے شادی کی تقریب کے لیے لگائے پنڈال تک کو اکھاڑ پھینکا اور کئی گاڑیاں بھی الٹ دیں۔
دولہا نے آؤ دیکھا نہ تاؤ بھی بگھی سے چھلانگ لگا کر دوڑ لگا کر اپنی جان بچائی۔ اس موقع کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔