کورونا سے نجات کے لیے’کورونا مندر‘ قائم

Published On 18 June,2021 06:06 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) کورونا وائرس سے نجات کے لیے بھارت میں ’کورونا مندر‘ قائم کر لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت میں کورونا سے نجات کے لیے گائے کی نجاست کو جسموں پر لگانے کی خبریں تو عام تھیں لیکن اب بھارتیوں نے کورونا وائرس سے نجات کے لیے کورونا مندر بھی قائم کرلیا ہے۔

اتر پردیش کے گاؤں شکلا پور کے مقامی باشندوں نے رواں ہفتے ’کورونا ماتا ‘کے نام سے ایک مندر تعمیر کیا جہاں گاؤں کے رہائشی کورونا سے نجات کے لیے پوجا کرتے ہیں ، پانی دیتے اور پھول چڑھاتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مندر کی تعمیر کے حوالے سے گاؤں کی رہائشی سنگیتا کا ایسا ماننا ہے کہ ہوسکتا مندر کے قیام سے گاؤں والوں کو سکون میسر آجائے۔

ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو میں گاؤں کے رہائشیوں کو کورونا ماتا نام سے بنائے جانے والے مندر کے آگے اپنی مذہبی رسومات ادا کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ مئی اور اور اپریل کے دوران بھارت میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز اور انتقال کرجانے والوں کی تعداد عروج پر تھی تاہم اب بھارت میں کورونا کے کیسز میں کمی واقع ہوئی ہے۔

Advertisement