بیونس آئرس:(روزنامہ دنیا) نئی سائنسی تحقیق میں ماہرین نے خیال ظاہر کیا ہے کہ ٹیٹالورا الکوبیری کہلانے والاجانور موجودہ زمانے کی چھپکلیوں اور سانپوں کا ارتقائی جدِامجد یعنی ‘اصل باپ’ بھی تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ارجنٹینا سے ملنے والے ایک رکاز پر نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہےکہ یہ چھپکلی نما جانور تھا جو وہاں 23 کروڑ 10 لاکھ سال پہلے پایا جاتا تھا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ شاید یہی جانور موجودہ زمانے کی چھپکلیوں اور سانپوں کا ارتقائی جدِامجد یعنی ‘اصل باپ’ بھی تھا۔مطلب یہ کہ ‘‘ٹیٹالورا الکوبیری’’ کہلانے والے اسی جانور کی بعد والی نسلیں بتدریج ارتقاء پذیر ہو کر سانپوں اور چھپکلیوں کی شکل اختیار کرگئیں۔
آج یہ ریڑھ کی ہڈی والے جانوروں کا سب سے بڑا گروہ بھی ہے جس میں چھپکلیوں، سانپوں اور سیکڑوں جل تھلیوں سمیت 11 ہزار سے زیادہ انواع شامل ہیں۔اس گروہ کا نام ‘‘لیپیڈوسارس’’ رکھا گیا ہے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس کا ارتقاء آج سے 26 کروڑ سال پہلے شروع ہوا تھا ۔ٹیٹالورا کی دریافت سے ریپٹائلز کے ارتقا سے متعلق جاننے میں مدد ملنے کی امید ہے ۔