لاہور: (ویب ڈیسک) ترکی سے انوکھی خبر نے سب کو ششدر کر ڈالا ہے، جہاں پر ایک 25 سالہ یو ٹیوب سٹار نے خود کو قبر میں دفن کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکی میں محمد بہجیجک نامی نوجوان یوٹیوبر نے ساڑھے لاکھ سبسکرائبر ہونے کے بعد فالورز سے کیا گیا وعدہ خود کو دفن کرکے پورا کردیا۔
یوٹیوبر نے اپنے فالورز سے وعدہ کیا تھا کہ ساڑھے چار لاکھ سبسکرائبر ہونے پر وہ خود کو تابوت میں بند کرکے کئی گھنٹے قبر میں گزاریں گے اور اسکی ویڈیو اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ بھی کریں گے۔
اس مقصد کے لیے نوجوان یوٹیوبر سٹار نے خصوصی تابوت بنوایا تھا جس کی تیاری میں 20 ہزار لیرا کا خرچہ آیا تھا۔ قبر میں 6 گھنٹے رہنے کے تجربے دوران کسی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایمبولینس اور میڈیکل ٹیم بھی موجود تھی۔
میڈیکل ٹیم کے پاس آکسیجن سیلنڈر، کیمرے، ریڈیو اور متعدد طبی آلات بھی رکھے تاکہ قبر میں موجودگی کے دوران یوٹیوبر کی صحت کی نگرانی کی جا سکے۔
نوجوان یوٹیوبر کو 6 گھنٹے بعد قبر سے نکالا گیا۔ ان کی حالت بہتر تھی اور انہوں نے یہ ویڈیو اپنے مداحوں کے نام کردی۔